پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے امریکا میں عالمی پولیس ایوارڈ جیت لیا

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے امریکا میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP) کا عالمی ایوارڈ حاصل کر لیا۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی محمد احسن یونس نے فلوریڈا میں منعقدہ عالمی پولیس کانفرنس کے دوران ایوارڈ وصول کیا۔
سیف سٹی اتھارٹی کو گاڑیوں کی چوری اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر یہ عالمی اعزاز دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے جدید حفاظتی نظام اور ڈیجیٹل نگرانی کے طریقۂ کار کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس نے کہا ہے کہ سیف سٹی اتھارٹی جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی معیار کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور جدید پولیسنگ کے شعبے میں پنجاب کی نمایاں شناخت قائم ہوئی ہے۔




