وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کے پی میں پی ٹی آئی کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے

وزیرِاعظم شہباز شریف---فائل فوٹو
وزیرِاعظم شہباز شریف—فائل فوٹو 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریکِ انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں، 13 سال میں خیبر پختون خوا میں کتنی جامعات اور اسپتال بنائے گئے؟ ادویات اور علاج معالجے کے کتنے بہترین انتظامات کیے گئے اور کرپشن کا کتنا خاتمہ کیا گیا؟ صوبائی حکومت نے سرکاری فنڈز کس حد تک شفافیت کے ساتھ استعمال کیے؟

مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ خیبر پختون خوا پاکستان کا خوبصورت صوبہ ہے اور یہاں کے عوام غیور، دلیر اور باوقار ہیں، میں وزیرِ اعظم پاکستان اور قائد نواز شریف کے کارکن کی حیثیت سے مخاطب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے خیبر پختون خوا میں جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا، 2013ء کے انتخابات کے بعد نواز شریف نے صوبے میں اکثریتی جماعت کو حکومت بنانے کا موقع دیا، نواز شریف کی جمہوری سوچ اور فراخ دلی نے صوبے میں جمہوریت کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ 13 سال سے پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت رہی، اس دوران بلند و بانگ دعوے کیے گئے، نعرے لگائے گئے، تقاریر کی گئیں، لانگ مارچ اور دھرنے دیے گئے اور ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بہت زہر اگلا اور چھوٹے ڈیمز، شمسی توانائی کے بجلی کے منصوبوں، کالجوں، جامعات اور اسکولوں کی بھرمار کے دعوے کیے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پشاور سے کوہستان اور ہزارہ تک عوام خود بتائیں گے کہ عوامی خدمات کے حوالے سے کون سے کام کیے گئے؟ کیونکہ ترقیاتی اور عوامی فلاح کے کام نہ ہونے کے برابر تھے۔

وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ 18-2017ء میں خیبر پختون خوا سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو چکا تھا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں