5 بڑوں کو اعتماد سازی کیلئے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، رانا ثناء اللّٰہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ صدر، وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی سمیت 5 بڑوں کو اعتماد سازی کیلئے آپس میں مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اس تجویز میں پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپیٹل ٹاک‘‘ میں بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ تحریک انصاف اداروں کی قیادت کے خلاف کردار کشی کی مہم بند کرے تو بانی تحریک انصاف سے ملاقات کا راستہ نکل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اداروں کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے انہیں بند کیا جانا چاہیے۔ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر جان نہیں چھڑا سکتی کہ ان اکاؤنٹس پر ان کا کوئی کنٹرول یا تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو ان اکاؤنٹس سے اظہار لاتعلقی کرنا ہوگا۔
مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی اپیل ناکام ہوگی۔ وہ پہیّہ جام نہیں کر پائے گی۔
رانا ثناء نے کہا کہ صورتحال صرف تب بہتر ہوسکتی ہے جب پانچ بڑوں میں اعتماد بڑھانے کے اقدامات ہوں۔ ان بڑوں میں شہباز شریف، آصف زرداری، بانی پی ٹی آئی شامل ہیں جب تک ان شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کے لیے اقدامات نہیں ہوں گے، بریک تھرو نہیں ہوگا۔
رانا ثناِءاللّٰہ نے کہا کہ ان کے اور عامر ڈوگر کے رابطوں سے بریک تھرو نہیں ہوگا۔




