یوم القدس احتجاج، مقبوضہ کشمیر کی تاریخی جامع مسجد جانیوالے راستے سیل
سری نگر(نیوز ڈیسک)یوم القدس کے موقع پرمقبوضہ کشمیر کی تاریخی جامع مسجد اور اس کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔جامع کے خطیب اور حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق کو اپنے گھر میں دوبارہ نظربند کیا گیا ہے۔۔میرواعظ عمر نے سوشل میڈیاپر جاری پیغام میں کہا کہ جامع مسجد کے تمام دروازے بند ، عبادت کی اجازت نہیں ،رمضان کے آخری جمعہ کو جب ہزاروں لوگ شہری علاقوں، قصبوں اور دیہات سے تاریخی جامع مسجد کا رُخ کرتے ہیں، اس مسجد کے سبھی دروازوں کو مقفل کردیا گیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’گزشتہ سات سال سے حکام نے اس روز جامع مسجد میں عبادت کی اجازت نہیں دی ہے۔واضح رہے یکم مارچ کو ایران پر ہونے والے حملے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مظاہرے ہوئے تو ایک ہفتے تک وہاں سکیورٹی پابندیاں نافذ رہیں اور انٹرنیٹ بھی معطل رہا۔جمعہ کے روز سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے۔ یہاں کے مفتی اعظم ناصرالدین نے جمعرات کو ہی جمعتہ الوداع کا اعلان کیا تھا۔جمعہ کو ہی عالم اسلام میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیلی زیادتیوں کے خلاف احتجاج کے لیے یوم القدس بھی منایا جارہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ سرینگر اور دوسرے اضلاع کی بڑی مساجد اور اہم خانقاہوں کے گرد فوُل پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔انھوں نے جامع مسجد اور مسجد اقصیٰ کا تقابل کرتے ہوئے لکھا کہ ’جس طرح اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے دروازے رمضان میں زبردستی بند کردیے ہیں، یہی تکلیف دہ حقیقت یہاں بھی ظاہر ہورہی ہے۔ ہمارے دل لہو لہان ہیں ، ہیف اُن پر جو اللہ کے گھر کو مقفل کرتے ہیں۔‘




