بھارت کے خلائی پروگرام کو بڑا دھچکا، پانچواں مشن بھی ناکام، ڈھائی ہزار کروڑ کا نقصان
نئی دہلی(جنگ نیوز)بھارت کے خلائی پروگرام کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے جب پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل مشن ایک بار پھر ناکام ہو گیا۔ڈھائی ہزار کروڑ کا نقصان ہوا،پی ایس ایل وی -C62 پرواز کے8منٹ بعد ہی خرابی کا شکار،مرکزی سیٹلائٹ انویشا (EOS-N1) سمیت 16 سیٹلائٹس تباہ ،رپورٹ کے مطابق بھارتی خلائی مشن PSLV-C62 آندھرا پردیش کے ستیش دھون اسپیس سینٹر سے پرواز کے تقریباً آٹھ منٹ بعد تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا۔جس کے نتیجے میں زمین کے مشاہدے کے لیے تیار کیا گیا مرکزی سیٹلائٹ انویشا (EOS-N1) سمیت 16 سیٹلائٹس تباہ ہوگئے۔پی ایس ایل وی تین دہائیوں تک قابل اعتماد سمجھا جانے والا راکٹ تھا جو اب مسلسل ناکامیوں کے باعث تحقیقات کے لیے عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔صرف PSLV-C61 اور PSLV-C62 کی ناکامی سے تقریباً 1100 سے 1250 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوا جبکہ پانچ ناکامیوں سے مجموعی نقصان 2200 سے 2800 کروڑ روپے تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔عالمی چھوٹے سیٹلائٹ لانچ مارکیٹ میں بھارت کا حصہ 2017 میں تقریباً 35 فیصد تھا جو 2024-25 تک تقریباً ختم ہو چکا ہے۔2021 کے بعد یہ اس راکٹ پروگرام کی پانچویں اور گزشتہ 8 ماہ میں دوسری بڑی ناکامی ہے جس کے بعد انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کی صلاحیت اور حکومت کی خلائی شعبے کو تیزی سے تجارتی بنانے کی پالیسی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔اس سے قبل 18 مئی 2025 میں تیسرے مرحلے کے سالڈ موٹر میں دباؤ کم ہونے کے باعث EOS-09 سیٹلائٹ مدار تک نہیں پہنچ سکا تھا۔




