ملکی ضروریات پورا کرنے کےلیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، وزیراعظم کو بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کاجائزہ لیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے، ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبوں سے مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے، بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا، اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔




