’’بیٹوں کو برطانوی تحفظ سے محروم کرنے کی کوشش‘‘؛ جمائمہ گولڈ اسمتھ کا حکومت پر الزام
اسلام آباد (ممتاز علوی)’’بیٹوں کو برطانوی تحفظ سے محروم کرنے کی کوشش‘‘؛ جمائمہ گولڈ اسمتھ کا حکومت پر الزام۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت پاکستان ان کے بیٹوں کو ’نیکوپ‘ پر پاکستان کا سفر کرنے کی تجویز دے رہی ہے، کیونکہ اس صورت میں انہیں ’برطانوی تحفظ‘ حاصل نہیں رہے گا۔ جمائمہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے ایک روز قبل دیے گئے بیان کا جواب دیا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان کے بچوں کو ’نیکوپـ‘ پر پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا جاتا ہے، جس کے لیے کسی ویزے کی ضرورت نہیں، بشرطیکہ وہ ’’اپنے قیام کے دوران پاکستان کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں‘‘۔ جمائمہ نے عطا اللہ تارڑ کے بیان پر اپنے ردعمل میں لکھا: ’’ہم سب جانتے ہیں کہ آپ ان کے ویزے مسترد کرنے اور انہیں’نیکوپ‘ کارڈز (جو فی الحال ان کے پاس نہیں ہیں) پر سفر کرنے کی تجویز کیوں دے رہے ہیں؛ وہ اس لیے تاکہ اگر آپ انہیں پاکستان پہنچنے پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کریں، تو انہیں کوئی برطانوی تحفظ حاصل نہ ہو سکے۔‘‘




