وزیراعظم کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں جاری جنگ پر اظہار تشویش
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں جاری جنگ پر شدید تشویش ظاہر کی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے امیر قطر اور قطری عوام کو مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی رسائی اور امن کی کوششوں سے امیر قطر کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تمام فریقوں پر کشیدگی کم کرنے، بات چیت اور سفارتکاری سے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق امیر قطر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔




