ایران پر زمینی حملہ ہوا تو امریکا سے لڑیں گے، چیچن فوج
کراچی (نیوز ڈیسک) چیچن فوجی یونٹس نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر زمینی حملہ کیا تو وہ ایرانی افواج کی مدد کے لیے میدان میں اتریں گے، انہوں نے کہا ہے کہ جاری تنازع کو مذہبی اور حق و باطل کی جنگ سمجھتے ہیں ،اگر براہ راست مداخلت ہوئی تو اسے’’جہاد‘‘ تصور کریں گے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی کے مطابق رمضان قدیروف کے وفادار چیچن فوجی دستوں نے ایران میں تعیناتی کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ دستے اس صورت میں مداخلت کریں گے جب امریکا ایران کے خلاف زمینی کارروائی شروع کرے گا۔چیچن فورسز کا کہنا ہے کہ وہ جاری تنازع کو’’مذہبی جنگ‘‘ سمجھتے ہیں اور اگر براہ راست مداخلت ہوئی تو اسے جہاد تصور کریں گے، جسے انہوں نے حق اور باطل کی جنگ قرار دیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور حالیہ ہفتوں میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکا زمینی کارروائی پر بھی غور کر رہا ہے۔




