وزیرِ اعظم شہباز شریف کا حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان شہید کی شجاعت اور قربانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دشمن کے سامنے ڈٹے رہنا حوالدار لالک جان شہید کے بے مثال جذبۂ حب الوطنی کا ثبوت ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ قوم شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
لالک جان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے: محسن نقوی
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی حوالدار لالک جان شہید کو یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان شہید نے وطن کے لیے شجاعت اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی، ان کی لازوال قربانی پر قوم کو رہتی دنیا تک فخر رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، لالک جان اور وطن کے دیگر شہداء ہماری شان اور پاکستان کے حقیقی محافظ ہیں۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ لالک جان نے غیر معمولی جرأت اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی، وطنِ عزیز کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان جیسے ہیرو ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے، ملک کے تمام شہداء کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، امن اور خودمختاری کے لیے شہدا کی قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتارا جا سکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوت کی داستانِ شجاعت قوم کا فخر اور تاریخ کا اثاثہ رہے گی۔




