حج کا تمام تر نظام ڈیجیٹل، خواہشمند 2030ء تک کی حج رجسٹریشن کرواسکیں گے، کابینہ اجلاس

حج کا تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جارہا ہے، خواہشمند 2030 تک کسی بھی سال کےلیے حج کی رجسٹریشن کرواسکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں حج پالیسی اور پلان برائے 30-2027ء کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے رواں برس بہترین حج انتظامات پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت کی ٹیم کی تعریف کی۔
اجلاس کے شرکاء کو حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی گزشتہ 1 سالہ حج پالیسیوں کے برعکس پہلی 4 سالہ حج پالیسی اور پلان پرمشتمل ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ اس حج پالیسی کے تحت طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ مجوزہ پالیسی کے نفاذ کیلئے ایس او پیز اور دیگر ضوابط بنائے جائیں گے، پالیسی کو سعودی قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری ترامیم کی جا سکیں گی۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ حج کے خواہشمند 2030 تک کسی بھی سال کیلئے حج کی رجسٹریشن کروا سکیں گے، اس پالیسی کے تحت ترجیحی ویٹنگ لسٹ مرتب کی جائے گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ اس کے ساتھ ساتھ شرعی اصولوں کے مطابق سیونگ اسکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے، اسکیم کے تحت حج کے خواہاں لوگ مستقبل میں حج کیلئے سیونگ اسیکم سے مستفید ہو سکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حج کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، اس کے تحت ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام سے ہوں گی، شکایات کا ڈیجیٹل نظام اور ڈیجیٹل نگرانی ہوگی، پالیسی کے تحت سرکاری اور پرائیویٹ حج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، پالیسی کے تحت لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کروائے جار ہے ہیں۔




