چینی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان کا نہایت قابل اعتماد اور مخلص دوست ہے۔
اسلام آباد میں پاک چین فارماسیوٹیکل بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں حالیہ بحران نے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا، پاکستان نے خطے میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ شعبہ صحت میں معاہدے چینی اور پاکستانی صنعتکاری کے غیر متزلزل عزم کا واضح اظہار ہے، صحت کے شعبے میں 44 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے 9 معاہدے خوش آئند ہیں، دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں کے مابین اشتراک سے پاکستان میں فارماسیوٹیکلز کے شعبوں کو ترقی ملے گی۔
وزیراعظم نے اس سلسلے میں دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے علاوہ وفاقی وزیر صحت، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، پاکستان میں چین کے سفیر اور چین میں پاکستان کے سفیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ شہباز شریف نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ معاہدے عملی شکل اختیار کریں گے۔
انہوں نے چین کو پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور آزمودہ دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، چین نے تمام عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کی، سی پیک ون کے تحت 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔
وزیراعظم نے چین کی غیرمتزلزل حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ وژنری لیڈر ہیں جنہوں نے چینی معاشرے اور معیشت کو مکمل طور پر بدل دیا ہے۔
انہوں نے چینی ترقی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے نہ صرف معاشی بلکہ تزویراتی ترقی کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔ وزیراعظم نے چینی عوام کی تعلیم، ریسرچ و ڈویلپمنٹ سمیت ہر شعبے میں بے مثال محنت اور کارکردگی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ پاکستان میں چین کے سفیر اور ملکی و چینی فارماسیوٹیکلز کمپنیوں کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔
کانفرنس میں پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان فارماسیوٹیکل سے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے 44 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے 9 معاہدے ہوئے جن میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری، بائیوٹیکنالوجی، ادویات کی تیاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ سے متعلق معاہدے شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ حفاظتی ٹیکوں کے قومی پروگرام کے حوالے سے تعاون کا معاہدہ بھی طے پایا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے، خطے میں امن و استحکام کیلئے چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان میں صحت کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی اور قیادت کی بدولت ہم سب ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کررہے ہیں، بزنس کانفرنس کا انعقاد وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین نے اقتصادی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کیا، دورے سے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔




