واٹس ایپ ہیکنگ سے نمٹنے کیلئے ایکشن پلان تیار ہے: ڈی جی این سی سی آئی اے

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) خرم علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں واٹس ایپ اور بینک اکاؤنٹس ہیکنگ کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، واٹس ایپ ہیکنگ سے نمٹنے کیلئے ایکشن پلان تیار ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم علی کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن قائم کر رہے ہیں، ہیک شدہ واٹس ایپ اکاؤنٹس کی بحالی میں رہنمائی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میٹا کے تعاون سے مقامی زبانوں میں آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال کرنے کی ہدایت کی گئی، پھر واٹس ایپ ہیکنگ میں کمی ہوئی، پر سائبر جرائم کے نئے طریقے سامنے آگئے۔
خرم علی نے کہا کہ آن لائن جرائم میں مجموعی اضافہ ہوا، انٹرنیٹ اور موبائل استعمال بڑھنے سے سائبر فراڈ بڑھ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعاون سے پاکستان میں سرگرم سائبر کرائم گینگز گرفتار کیے ہیں۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے کہا کہ عوام فون پر موصول ہونے والا خفیہ کوڈ کسی سے شیئر نہ کریں۔ او ٹی پی شیئر کرنا واٹس ایپ ہیک ہونے کی بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے او ٹی پی کے غلط استعمال کی روک تھام پر کام جاری ہے۔ واٹس ایپ اور بینک اکاؤنٹس کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔




