پیٹرول 75 پیسے سستا، ڈیزل مزید مہنگا کردیا گیا
حکومت نے یومیہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتے ہوئے آج پیٹرول کی قیمت میں کمی کردی جبکہ ڈیزل کی قیمت مزید بڑھا دی گئی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں تبدیلی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 75 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 24 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔
تبدیلی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 6 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 390 روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 30 جولائی کے لیے ہوں گی۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ خطے کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔
اوگرا وزیراعظم یا حکومت کی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
علم میں رہے کہ 29 جولائی کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ 63 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 55 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔




