کارٹون معاشرے کی مؤثر عکاسی اور مثبت تنقید کا اہم ذریعہ ہیں، جاوید اقبال
لاہور میں پرنٹ میڈیا میں کارٹونز کی اہمیت پر مقامی ادارے سی ٹی این کے زیر اہتمام ایک سیشن منعقد ہوا جس میں معروف کارٹونسٹ جاوید اقبال کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کی صحافتی خدمات پرمبنی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔
اس موقع پر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کارٹونز کے ذریعے پیچیدہ اور سنجیدہ موضوعات کو آسان انداز میں عوام تک پہنچایا جاتا ہے۔ ماضی میں اخبارات کی مقبولیت میں بھی کارٹونز نے اہم کردار ادا کیا۔ کارٹون معاشرے کی مؤثر عکاسی اور مثبت تنقید کا اہم ذریعہ ہیں۔
سیشن کے متنظم مسعود علی خان نے کہا کہ کارٹون محض مزاح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں اور رائے عامہ کی تشکیل اور سماجی مسائل کی مؤثر نشاندہی کرتے ہیں۔
سابق سیکریٹری داخلہ تسنیم نورانی کا کہنا تھا کہ جاوید اقبال کے کارٹون معاشرتی خرابیوں کو خوبصورت انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔
ریٹائرڈ ائیر کموڈور خالد چشتی نے کہا کہ جاوید اقبال ادب اور احترام کا دامن تھامے رکھتے ہیں۔
تقریب میں میجر مجیب آفتاب اور فردوس نثار سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔




