آزاد کشمیر الیکشن: پیپلز پارٹی کو نتائج مسترد کرکے تیسرے مرحلے کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے: راجا پرویز اشرف

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے کہ پیپلز پارٹی کو نتائج مسترد کرکے تیسرے مرحلے کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے۔ حتمی فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کرے گی۔
اسلام آباد میں شیری رحمان اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ الیکشن صاف شفاف نہیں، غیر جانبدارانہ نہیں تو انہیں کوئی نہیں مانے گا۔ ہم سیاسی کارکن ہیں ہمیں معلوم ہے ہم جہاں ہارے ہیں، جہاں ہم جیت رہے تھے وہاں جیت رہے تھے، آپ نے زیادتی کی ہے، ہمیں کہنا پڑے گا کہ آپ نے زیادتی کی ہے۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے پر دکھ ہوا۔ ہم نے پہلے مرحلے میں ثبوتوں کے ساتھ شواہد دیے، ایک حلقے میں الیکشن نہیں ہوئے، کہا گیا کہ سامان نہیں پہنچا۔ کیا الیکشن والے دن سامان پہنچایا جاتا ہے؟ سامان ایک دن پہلے پہنچ جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو مار پیٹ کر پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا، اس کے بعد ہم نے ن لیگ کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی بنائی، ہمارا خیال تھا کہ اس مرحلے میں الیکشن کمیشن محتاط ہوگا، دوسرے مرحلے میں بھی وہی کچھ ہوا جو پہلے مرحلے میں ہوا۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ن لیگ ہماری اتحادی ہے لیکن یہ کیا ہو رہا ہے؟ کیا ن لیگ کو یہ سب زیب دیتا ہے؟ کیا یہ شفاف انتخابات ہیں؟ الیکشن کمیشن نے پانچ سال میں واحد کام کرنا ہے کہ الیکشن شفاف ہوں۔ چیف الیکشن کمیشن نے کسی ایک معاملے پر بھی کارروائی نہیں کی، الیکشن کمیشن ہماری مخالف جماعت کے زیر اثر ہے، اگر الیکشن شفاف نہیں ہے تو اس کو کوئی نہیں مانے گا، جس انداز سے الیکشن ہوا اس سے لگتا ہے کہ یہ پری پلان تھا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ اسپیکر اور قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا۔ چوہدری لطیف اکبر پر ن لیگ کے لوگوں نے ہاتھ اٹھایا، گالیاں دی گئیں اور انہیں مکے مارے گئے، آپ کہتے ہیں تکرار ہوئی ہے۔ 70 سال کے بندے کو ڈنڈا مار کر قتل کردیں تو کیا وہ قتل نہیں؟
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ کھاؤرہ کے حلقے میں ہمارے 40 سال کے کارکن کو قتل کر دیا گیا، یہ کس قسم کے انتخاب ہیں جن سے عام ووٹر سخت ناراض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوٹلہ کے حلقے میں الیکشن ہی نہیں ہوا کہ وہاں انتخابی سامان نہیں پہنچ سکا۔ سامان پہنچانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، بازل نقوی کے حلقے میں بہت سارے پولنگ اسٹیشنز پر بھی الیکشن روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن عمل پر شدید اعتراضات ہیں، یہ مینڈیٹ جعلی ہے ن لیگ حالات کو مزید تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے، اس سارے معاملے کے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہیں۔




