کشمیر کے انتخابات میں کامیابی، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مبارکباد

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
وزیرِ اعظم نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں برتری پر ن لیگ کے قائد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو بھی مبارک باد پیش کی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے جیتنے والے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں، کامیابی کا یہ تسلسل نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ قائدِ مسلم لیگ ن کی قیادت میں ن لیگ کی ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی، مسلم لیگ ن کی کامیابی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کی ترقی و خوش حالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے، آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا۔




