میر رضا علی کی لاش ملنے کی جگہ کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی
پاکستان ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) کے رہائشی میر رضا علی کی لاش ملنے کی جگہ کی ایک اور سی سی ٹی وی سامنے آ گئی ہے جس میں ایک موٹر سائیکل دیکھی گئی۔
میر رضا کی لاش ملنے سے متعلق پولیس کی تفتیش جاری ہے، جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیج ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج جائے وقوع کے اوپر لگے کیمرے کی ہے، فوٹیج میں جائے وقوع پر موٹر سائیکل آ کر رکتے دیکھی جا سکتی ہے۔
فوٹیج میں موٹر سائیکل نظر آنے کا وقت 29 جولائی کی صبح 3 بج کر 36 منٹ ہے، 20 سیکنڈ بعد موٹر سائیکل وہاں سے روانہ ہو گئی۔
اندھیرے کے باعث سی سی ٹی وی میں موٹر سائیکل پر بیٹھے افراد اور تعداد نظر نہ آ سکی۔
واضح رہے کہ میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی، میر رضا علی صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی جبکہ اس کے سینے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
رضا کی لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔




