سفارت خانہ ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر کا منصوبہ التوا کا شکار، 35 ہزار پاکستانی مشکلات سے دوچار

سفارت خانہ ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر کا منصوبہ التوا کا شکار، 35 ہزار پاکستانی مشکلات سے دوچار
سفارت خانہ ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر کا منصوبہ التوا کا شکار، 35 ہزار پاکستانی مشکلات سے دوچار

جاپان میں مقیم تقریباً 30 سے 35 ہزار پاکستانیوں کے لیے خوشخبری بننے والا پاکستانی سفارت خانہ ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر کے قیام کا منصوبہ گزشتہ تین سے چار ماہ سے متعلقہ وزارت میں التوا کا شکار ہے۔

نادرا کی باضابطہ منظوری ملنے کے باوجود این او سی جاری نہ ہونے کے باعث یہ اہم منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کر سکا، جس سے ہزاروں اوورسیز پاکستانی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس نمائندے کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق نادرا نے 22 اپریل 2026 کو ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

خط میں واضح کیا گیا تھا کہ این او سی ملتے ہی پاکستانی سفارت خانہ ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر فوری طور پر قائم کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس اہم پیش رفت کے پیچھے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کی مسلسل کاوشیں شامل ہیں۔ اپریل میں جاپان کے دورے کے دوران انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور محسوس کیا کہ سب سے بڑا مسئلہ نادرا کی سہولت کا نہ ہونا ہے۔

انہوں نے وطن واپس پہنچ کر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے کیے، اعلیٰ حکومتی سطح پر معاملہ اٹھایا اور اس کے نتیجے میں نادرا نے ٹوکیو میں کاؤنٹر قائم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔

سرکاری خط کے مطابق نادرا نے بائیومیٹرک مشینیں، فنگر پرنٹ ڈیوائسز، کیمرہ، تکنیکی معاونت اور عملے کی تربیت فراہم کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی، جبکہ پاکستانی سفارت خانے کو جگہ، کمپیوٹر، انٹرنیٹ، فرنیچر اور دیگر انتظامی سہولتیں فراہم کرنا ہیں۔ یعنی منصوبے کے تمام انتظامی اور تکنیکی امور طے ہو چکے ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے فائل متعلقہ وزارت میں این او سی کے اجرا کی منتظر ہے، جس کے باعث منصوبہ رکا ہوا ہے۔ اس تاخیر کے سبب جاپان میں مقیم ہزاروں پاکستانی شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن، بائیومیٹرک تصدیق اور دیگر نادرا خدمات کے حصول میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

جاپان میں پاکستانی کمیونٹی نے او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ذاتی دلچسپی نہ لیتے تو شاید یہ منصوبہ آج بھی منظوری کا منتظر ہوتا۔

ان کا کہنا ہے کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام بھی اسی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ایک منظور شدہ منصوبے کو مزید سرخ فیتے کی نذر نہ ہونے دیں۔

جاپان میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو این او سی کے اجرا کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ ٹوکیو میں نادرا کاؤنٹر جلد از جلد قائم ہو سکے اور ہزاروں پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔



50% LikesVS
50% Dislikes
August 2026
M T W T F S S
 12
3456789
10111213141516
17181920212223
24252627282930
31  

اپنا تبصرہ بھیجیں