جماعت اسلامی کا 9 اگست کو چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 9 اگست کو لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب ہاؤس کی طرف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے سامنے تاریخی دھرنوں کا آغاز ہوگا۔
مہنگائی، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آج ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سسٹم نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے، انہوں نے پیٹرول کی قیمت بڑھائی اور ٹیکس بھی بڑھا دیا، جب قیمتیں کم ہوئیں تو انہوں نے قیمتیں کم نہیں کیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ یہ اب تک 8 ہزار ارب روپے کی لیوی وصول کر چکے ہیں، انہوں نے اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کی کوشش کی ہے، پیٹرول کی قیمت کو 225 روپے پر لایا جائے، لیوی کو ختم کرو، ٹیکسوں کو کم کرو۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 9 تاریخ کو لاہور کے تخت کی طرف مارچ کرنا ہے، ہم سی ایم ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے اور بیٹھ جائیں گے، چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے سامنے تاریخی دھرنوں کا آغاز ہو گا۔




