کراچی: دورانِ سرجری خاتون کے جسم میں کپڑا رہ جانے کا کیس، اسپتال کو 65 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

دورانِ سرجری خاتون کے جسم میں کپڑا رہ جانے کے کیس میں غفلت ثابت ہونے پر عدالت نے سول اسپتال کو 65 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
سینئر سول جج کراچی جنوبی کی عدالت میں سول اسپتال میں دورانِ سرجری خاتون کے جسم میں کپڑا رہ جانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ سول اسپتال کے نمائندے نے تسلیم کیا کہ دوبارہ آپریشن کی پیشکش کی گئی تھی، خاتون کے جسم میں کپڑا رہ جانا طبی غفلت ہے۔
عدالت نے کہا ریکارڈ کے مطابق آپریشن کرنے والی دونوں خواتین ڈاکٹرز زیر تربیت تھیں، اسپتال نے دعویٰ کیا کہ سینئر ڈاکٹر بھی تھے لیکن شناخت اور ریکارڈ پیش نہ کیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ اسپتال پر لازم تھا سرجری کے دوران تجربہ کار ڈاکٹر مقرر کیے جاتے، سول عدالت کا دائرہ اختیار صرف ہرجانے کے تعین تک ہے۔
عدالت کے مطابق ڈاکٹروں کے لائسنس یا کارروائی کا معاملہ متعلقہ ریگولیٹری ادارے کے سامنے اٹھایا جاسکتا ہے، سول اسپتال دو ماہ میں خاتون کو ہرجانے کی ادائیگی یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ 2015 میں خاتون کی سول اسپتال میں سرجری ہوئی تھی۔




