شی جن پنگ کا پارٹی نظریہ سچ اور اخلاقی اقدار کے گرد گھومتا ہے، چینی سفیر

پاکستان میں متعین چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا ہے کہ شی جن پنگ پارٹی سازی نظریہ بہت واضح اور گہرا ہے، نظریے پر چلتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا مقصد عوام کی سہولت رہا ہے۔
چینی سفیر نے ان خیالات کا اظہار شی جن پنگ پارٹی بلڈنگ نظریہ کے زیر عنوان سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے شکر گزار ہیں جو اس تقریب میں تشریف لائے۔
انھوں نے کہا کہ شی جن پنگ کا پارٹی نظریہ سچ اور اخلاقی اقدار کے گرد گھومتا ہے، شی جن پنگ پارٹی سازی کی بنیاد ہے کہ عوامی نمائندہ سینٹرل لیڈر شپ ہونی چاہیے۔
چینی سفیر نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اس نظریے پر پوری دنیا کی بہتری کیلئےکام کر رہی ہے۔ ایسے ہی سی پیک کا پورے پاکستان کیلئے آسانی لانا ہمارا مقصد ہے، سی پیک سے 29 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ممکن ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ صدر شی کا وزیراعظم شہباز شریف اور صدر زرداری سے دوطرفہ تعلقات پر تعاون جاری ہے، خطے کی صورتحال کے پیش نظر اب دنیا نئے دور میں داخل ہور ہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کا کردار اس بدلتے دور میں تیزی سے بدل رہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر مشتمل شراکت داری اور گہری دوستی ہے، چین کی ترقی نے پوری دنیا کی نظریں چین کی طرف مبذول کرائی ہیں۔




