ایران نے پاکستان کو ’’اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ‘‘ قرار دے دیا

ایران نے پاکستان کو ’’اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ‘‘ قرار دے دیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون ہیں۔ پاکستانی حکومت، فوج اور عوام ’’اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ‘‘ ہیں۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے، ایران پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانےکےلیے پر عزم ہے، ایران پاکستان تعلقات میں غیر معمولی پیشرفت کےخواہاں ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات گزشتہ چند مہینوں میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بارے میں بریف بھی کیا۔
ایران کے صدر نے گزشتہ روز وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ تہران تیار ہے کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی فیلڈز میں تعلقات گہرے کرے۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران سے تعلقات بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے سے متعلق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی محبت اور دلچسپی ایران کیلئے انتہائی قابل قدر ہے۔




