بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اعلان کرتا ہوں پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

اسلام آباد میں یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے، یادگار فتح کے سائے میں پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، پوری قوم، فیلڈ مارشل اور افواج پاکستان کو معرکہ حق کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ یادگار فتح افواجِ پاکستان کی برتری کی علامت ہے، آج دِلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔ معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، دشمن کو عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح کا ڈیزائن منفرد ہے، 8 ماہ میں شاندار یادگار کی تعمیر کی گئی، فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کو یادگار فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئی نسل کو ترقی کے مواقع دیں گے، چاہتے ہیں دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا، ترکیے بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے، مکہ دفاعی معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے، فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کے لیے ہمارا موقف دو ٹوک ہے، قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو مشورہ ہے کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی سے روکیں، قوم متحد ہو تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے، پاکستان کے ہم سب وارث ہیں، اختلافات دشمنی میں تبدیل نہیں ہونے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بروقت جنگ بندی کروائی، امید ہے مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، امریکی صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچائیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں