راجا ناصر عباس کے مطالبے پر سینیٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بحث
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے مطالبے پر بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے بحث ہوئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے مطالبے پر سینیٹ اجلاس میں آج کی کارروائی معطل کردی گئی۔
سینیٹر راجہ ناصرعباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ناکردہ جرائم کی سزا بھگت رہے ہیں، اُن کی صحت کا مسئلہ حساس ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ اتنا سخت دل نہیں ہوجانا چاہیے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کو تکلیف دیں، آپ خود کہتے ہیں کہ سسٹم فیل ہوچکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا ملک ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے یا انتقام کی؟ بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالجین سے ملوایا جائے۔
راجا ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں داخل کیا جائے، اُن سے ملاقات کرائی جائے تاکہ کل کسی بڑے حادثے سے بچ جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو ہی ملک چلانے کا موقع دیا جائے، پی ٹی آئی کی خواتین جیلوں میں ہیں۔
دوران بحث اپوزیشن لیڈر نے ن لیگی سینیٹر رانا ثنااللہ کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کو معلوم ہے آپ پر کیس سیاستدانوں نے نہیں بنایا تھا۔
اس پر رانا ثنااللہ نے علامہ راجا ناصر عباس سے سوال کیا ان پر کیس کس نے بنایا تھا؟




