پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھال لی
پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھال لی، جنیوا میں کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کے اجلاسوں کی صدارت پاکستانی سفیر طاہر حسین اندرابی کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 2026 کے سیشن کی آخری صدارت کے طور پر کانفرنس کی سالانہ کارروائی مکمل کرے گا، پاکستان کی صدارت میں کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں متعلقہ قرارداد پر مذاکرات ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کے صدر کی حیثیت سے مشاورت کا آغاز کر دیا، پاکستانی سفیر طاہر اندرابی نے 2026 کے سابق صدور کے اجلاس کی صدارت اور علاقائی گروپس کے نمائندوں سے مشاورت کی۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے، فورم میں تخفیف اسلحہ اور اسلحہ کنٹرول معاہدوں پر مذاکرات ہوتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ میں 65 رکن ممالک شامل ہیں، جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی رکن ہیں۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنا اور جوہری جنگ کی روک تھام شامل ہے، کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ اور سابق اداروں نے بائیولوجیکل اور کیمیکل ہتھیاروں کے کنونشن سمیت اہم عالمی معاہدوں پر مذاکرات کیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے، کانفرنس کی صدارت سے پاکستان کا اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ سے متعلق مباحثے میں مرکزی کردار ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کی صدارت سے پاکستان کو عالمی امن و سلامتی سے متعلق بھی عالمی مباحثے میں مرکزی کردار حاصل ہوگا۔




