سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 49 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے 49 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج، فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کےلیےجاری بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ تھیں۔
بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اورخیبر اضلاع میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سےتعلق رکھنے والے 37 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد، ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لے کر تلف کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں، علاقےمیں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کے خاتمےکے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔




