ثابت ہوگیا حکومت کو ووٹوں کے بعد عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا، یاسمین راشد

ثابت ہوگیا حکومت کو ووٹوں کے بعد عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا، یاسمین راشد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر خاتون رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت کو ووٹوں کا احترام نہیں تھا، اب ثابت ہوگیا عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا۔

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید یاسمین راشد نے وکیل کے ذریعے دیے گئے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت کارویہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ووٹوں کا احترام نہیں تھا، اب ثابت ہوگیا عدلیہ کا بھی احترام نہیں، حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 2019ء میں نواز شریف سروسز اسپتال داخل ہوئے تو 18 گھنٹے میں میڈیکل بورڈ بنا، اُن کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی بورڈ کا حصہ تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری کی تشخیص 24 گھنٹے کے اندر ہوگئی تھی، بانی پی ٹی آئی نے نواز شریف کو علاج کےلیے برطانیہ جانے کی اجازت دی۔

یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو شہباز شریف کے دستخط شدہ 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر بیرون ملک بھیجا گیا، پنجاب کابینہ نے بھی نواز شریف کو علاج کےلیے برطانیہ جانے کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر یہی بیان سپریم کورٹ میں حلف کےساتھ دینے کو تیار ہوں، بانی پی ٹی آئی میں نواز شریف کو علاج کے لیے باہر بھیجنے کا اخلاقی حوصلہ تھا۔

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی اورعوام میں ان کی محبت سے خوفزدہ ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں