کراچی: سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم سپاہِ محمد کا مطلوب دہشتگرد گرفتار

کراچی میں سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم سپاہِ محمد سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں شامل تھا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار دہشت گرد نے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہلے اہداف کی ریکی کرتا اور بعد ازاں انہیں نشانہ بناتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات بھی درج ہیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں اور دہشت گرد نیٹ ورک تک رسائی کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔




