وزیرِ اعظم شہباز شریف سے نائب صدر ایشیئن ڈیولپمنٹ بینک ینگ منگ یانگ کی ملاقات
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیاء کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اے ڈی بی کے نائب صدر ینگ منگ یانگ کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام بھی کیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ سخت مالیاتی اصلاحات کے ذریعے پاکستان نے معاشی بحالی کے مرحلے کو کامیابی سے عبور کیا ہے، اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کے لیے مستحکم معاشی منظرنامے کی درجہ بندی کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے طویل مدتی معاشی تبدیلی کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن حکومت کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے، ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن قومی بنیادی ڈھانچے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات میں ایم ایل ون منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔




