سندھودیش حامیوں کی مذمت میں قرارداد لانا ہمارا جمہوری و آئینی حق ہے: علی خورشیدی
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ سندھودیش کے حامیوں کی مذمت میں قرار داد لانا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
کراچی میں میڈیا ٹاک کے دوران علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ اسمبلی ایوان میں ایم کیو ایم ارکان نے شدید احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ارکان سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کرنا چاہتے تھے، اپوزیشن کی گزارشات کو قرارداد کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
علی خورشیدی نے مزید کہا کہ آج ڈپٹی پارلیمانی لیڈر نے سندھودیش کے خلاف قرارداد لانے کی کوشش کی، جو پیش نہیں کرنے دی گئی۔
اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ آج اسپیکر سندھ اسمبلی غیر معمولی دباؤ میں نظر آئے، شاید اسپیکر صاحب کو آج حکومت کی طرف سے ڈانٹ زیادہ پڑی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کی وحدت اور پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ سندھودیش کے حامیوں کی مذمت میں قرار داد لانا ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔




