فقیر محمد لاکھو سندھ بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے سربراہ مقرر

انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو کو ایس بی سی سی کا چیئرمین مقرر کر دیا۔
آئی بی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے تمام امتحانی بورڈز کا اجلاس 28 اگست 2026ء کو ہوا تھا، جس میں فقیر محمد لاکھو کو متفقہ طور پر ایس بی سی سی کا چیئرمین نامزد کیا گیا، ان کی تقرری یکم جولائی 2026ء سے 30 جون 2027ء تک ایک سال کے لیے مؤثر ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ایس بی سی سی کے چیئرمین کا تقرر سندھ کے ہر امتحانی بورڈ سے باری باری سالانہ بنیادوں پر کیا جائے گا، سندھ بورڈز کمیٹی آف چیئرمین سے متعلق تمام سرکاری خط و کتابت بھی فقیر محمد لاکھو کے نام ارسال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فقیر محمد لاکھو انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے چیئرمین ہونے کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے چیئرمین کا اضافی چارج بھی رکھتے ہیں۔
ایس بی سی سی میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدر آباد اور میر پور خاص کے تعلیمی بورڈز سمیت سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ضیاء الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے سربراہان شامل ہیں۔




