وزیراعظم سے مقامی حکومتوں کو مالی اختیارات دینے کا مطالبہ، MQM نے خط لکھ دیا
ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کو مقامی حکومتوں کو مالی اختیارات دینے کے مطالبہ کا خط لکھ دیا۔
خط متحدہ قومی موومنٹ کی رہنما نسرین جلیل کی جانب سے لکھا گیا ہے، خط کی کاپی وفاقی وزیر خزانہ، آئی ایم ایف سربراہ اور ورلڈ بینک صدر کو بھی ارسال کی گئی ہے۔
وزیراعظم سے مقامی حکومتوں کی مالی خودمختاری کے معاملے پر ذاتی توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور زور دیا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں کی مالی ضروریات کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مالی خودمختاری نہ ہونے کے باعث شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، صوبوں کیلئے این ایف سی میں اپنائے گئے مالی مساوات کے اصول مقامی حکومتوں تک بڑھائے جائیں۔
ایم کیو ایم کا خط میں کہنا ہے کہ میٹروپولیٹن شہروں کیلئے ’میٹروپولیٹن سروس برڈن‘ کو بھی این ایف سی کا معیار بنایا جائے۔
نسرین جلیل نے مزید کہا کہ مالی اختیارات کی منتقلی وزیراعلیٰ کے دروازے پر ختم نہیں ہونی چاہیے۔




