سندھی بھائیوں کے دماغ میں بغض ڈالا جا رہا ہے: مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال—فائل فوٹو
ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال—فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارے سندھی بھائیوں کے دماغ میں بغض ڈالا جا رہا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ لوگ مسائل بھول جائیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں سندھی بھائیوں، ماؤں اور بہنوں کو پیپلز پارٹی لڑانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہ سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھی ہمارے جسم کا حصہ اور بھائی ہیں، ہم ان کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم نے کسی قوم کی بات نہیں کی ہے، ہم نے پیپلز پارٹی کی بات کی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایڈز، گٹر میں بچے گرنے پر اور بے انتہا کرپشن کر کے سندھی عوام کے حقوق لوٹنے پر تکلیف نہیں ہوتی، انتظامی یونٹ کی جو بات کر رہا ہے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس معاملے کی سربراہی کرنے والا جو بھی ہو وہ ہمارا ہیرو ہو گا۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ صوبے میں کوٹا سسٹم نافذ ہے، ہمارے نوجوانوں کو ایک نوکری نہیں دی جاتی، صوبے میں پینے کا پانی نہیں ہے، شہر میں تباہی پھیلائی ہوئی ہے، حیدرآباد سے آگے جائیں تو پتہ چلتا ہے کہ غربت کیا ہے، سندھ میں لوگوں کے پاس روٹی، کپڑا، مکان نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کی بات ہوتی ہے تو صوبائی کارڈ کھیلتے ہیں، لوگوں کو لڑانا چاہتے ہیں تاکہ وہ مسائل بھول جائیں، سندھی عوام کی ایک بڑی تعداد ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں