اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کیخلاف کارروائی، 212 افراد تحویل میں
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کی ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 اور جی 10 میں قائم 3 کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے۔
حکام این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی میں 212 افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے، جن میں چینی اور پاکستانی مرد اور خواتین شامل ہیں۔
خصوصی ٹیم نے کال سینٹر کے مختلف حصوں کی تلاشی لی، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لیے ہیں۔
حکام کے مطابق زیر حراست افراد کے ممکنہ بین الاقوامی روابط سمیت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں، حکام نے پلازا کو سب جیل قرار دے کر تمام زیر حراست افراد کو پلازا میں ہی رکھا ہے۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں میں 306 موبائل فونز، 383 کمپیوٹرز، سی پی یو، 299 مانیٹرز، لیپ ٹاپ برآمد ہوئے ہیں، نیٹ ورک بھارت اور برازیل سے لنکڈ ہے، مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جا رہی ہے۔




