کسی پولیس افسر کو سیاسی یا ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے کا حکم نہیں دیا، سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی : فائل فوٹو
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی : فائل فوٹو 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حلف اٹھانے کے بعد کسی پولیس افسر کو کوئی غلط حکم نہیں دیا، کسی پولیس افسر کو سیاسی یا ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے کا حکم نہیں دیا، غلط ایف آئی آر درج کرنے کا حکم بھی نہیں دیا۔

خیبر پختونخوا میں امن و امان سے متعلق اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 22 سال سے پولیس اور عوام مسلسل دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہیں، پولیس اور عوام کی قربانیوں سے 2018 سے 2022 تک امن قائم ہوا، جب تک امن نہیں ہوگا، ترقی اور خوشحالی نہیں آ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد پولیس کے لیے تاریخ میں بے مثال فنڈز فراہم کیے، گزشتہ سال پولیس کو سالانہ بجٹ سے ہٹ کر 35 ارب روپے اضافی دیے گئے، رواں سال پولیس کا بجٹ 80 ارب سے بڑھا کر 190 ارب روپے کیا، پولیس فرنٹ لائن پر دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہے، قربانیوں کا احساس ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ کے پی پولیس اور عوام کی قربانیوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں امن ہے، پولیس شہداء پیکیج میں اضافہ اور جدید آلات کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے ہیں، اسلام آباد کے لیے جدید اے پی سیز تیار کرکے دے دی گئیں، خیبر پختونخوا پولیس کو جدید اے پی سیز نہیں ملیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہم کوئی مسلح جدوجہد یا یلغار کرنے نہیں جارہے، پرامن احتجاج کرنے جا رہے ہیں، پرامن احتجاج روکنے والوں سے کہیں آئین سے رائٹ ٹو اسمبلی کی شق نکال دیں، جب تک آئین میں رائٹ ٹو اسمبلی موجود ہے، ہم احتجاج کریں گے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں