یونیورسٹی روڈ تقریباً مکمل، عوام کو ہونے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں: شرجیل میمن

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ یونیورسٹی روڈ تقریباً مکمل ہوچکی ہے، لوگوں کو تکلیف ہوئی، اس پر معذرت چاہتے ہیں۔

شرجیل میمن کے مطابق ایف ڈبلیو او نے تیز رفتاری سے کام کیا اور دن رات محنت کر کے مشکل کام مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کے 2.7 کلو میٹر حصے میں مزید ایک آدھ ماہ لگے گا، جبکہ کے فور آگمنٹیشن کی لائن بھی بچھائی جارہی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر مکسڈ لین بنادی گئی ہے، کام کے دوران ایف ڈبلیو او کو بھی کئی چیلنجز کا سامنا رہا۔

صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ کراچی کے ہر سیکٹر میں کام کرنا ہے، کے ایم سی بھی شہر میں کام کر رہی ہے اور اربوں روپے کا انفرا اسٹرکچر بنایا جارہا ہے، کراچی میں دن رات کام ہو رہا ہے، شہر بڑا ہے اور یہاں چیلنجز بھی بڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات اور ٹھیلوں کے باعث ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، حکومت کو احساس ہے کہ لوگوں کا روزگار متاثر نہ ہو، تاہم ٹریفک کے مسائل بھی نہیں ہونے دیں گے۔

شرجیل میمن کے مطابق شہریوں کو بھی ٹریفک قوانین کی پابندی پر توجہ دینی چاہیے، لوگ نو پارکنگ میں گاڑیاں کھڑی کردیتے ہیں، جبکہ خالد بن ولید روڈ پر شو روم مالکان دو دو لین میں گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں فٹ پاتھوں پر دکانیں اور پارکس میں شادی ہال بھی دیکھے گئے ہیں، ہماری کمی کوتاہی کی نشاندہی کریں، حکومت کو کمی سے آگاہ کریں اور قانون سازی میں معاونت کریں۔

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ الزام تراشی اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ ہونی چاہیے، جلسوں اور جلوسوں کی اجازت ہونی چاہیے، تاہم عوام کو پریشان نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور فساد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ حکومت ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں