فیئر فورڈ کے قریب دہشتگردی کے الزام میں گرفتار تمام افراد برطانوی شہری نکلے
رائل ایئرفورس کے فیئر فورڈ ہوائی اڈے کے قریب سے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار تمام ہی افراد برطانوی شہری ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق لندن سے ہے، جن کی عمریں 23 سے 25 برس کے درمیان ہیں،انہیں اتوار کے روز دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد سے متعلق جرائم کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت ہم گرفتار افراد کی سرگرمیوں کی تمام تر تفصیلات، اُن کی معلومات اور اس واقعے کے پیچھے کار فرما مقاصد کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد پر فرد جرم عائد کیے جانے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی پیچیدہ اور بڑے پیمانے کا آپریشن ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے پس پردہ محرکات اور جنم لینے والے جیو پولیٹیکل سوالات کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔




