لاہور: غیر ملکی خاتون گینگ ریپ کیس کا دوسرا ملزم بھی گرفتار
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خاتون سے گینگ ریپ کا دوسرا ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو چشتیاں سے حراست میں لیا گیا جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈیفنس انویسٹی گیشن پولیس ملزم کو لے کر لاہور پہنچ گئی ہے، پولیس کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی لڑکی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں جنسی زیادتی ثابت ہوگئی، پولیس نے مرکزی ملزم محسن کو پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان لڑکی کو زیادتی کے دوران اعلیٰ تعلقات ہونے کا خوف دلاتے رہے، زیادتی کرنے والوں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ متاثرہ لڑکی کی ٹریول ہسٹری اور بیانات میں تضاد پایا گیا ہے، لڑکی کے کپڑے کے کاروبار کرنے کے شواہد نہیں مل سکے، جبکہ اس کے 3 بار لاہور آنے کی وجوہات بھی سامنے نہیں آسکیں، پولیس زیادتی اور رضا مندی سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔




