پورا خیبر پختونخوا پُرامن ہے، جعلی ویڈیوز کی سمجھ آ جاتی ہے: محسن نقوی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پورا خیبر پختونخوا پُرامن ہے، جعلی ویڈیوز کی سمجھ آ جاتی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف شہادتیں دے رہی ہے، پولیس، آرمی اور مشاورتی کونسل نے مل کر کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی فورس ہے آپ دیکھیں گے کہ ان کو جب حکومت لیڈ کرے گی تو اچھے نتائج ملیں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ہماری نیت صاف ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں، کور کمانڈر اور جس طرح کور کمانڈر صاحب پولیس کے لیے سوچ رہے ہیں، اس کی ستائش کروں گا، اللّٰہ ان کو کامیاب کرے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ دہشت گردی سے نجات چاہتے ہیں، ہمیں عوام نے پیغام دیے ہیں، عوام کا رسپانس اچھا آیا ہے، ان کا خیال تھا کہ ہم صوبے کو جام کر دیں گے، آگ لگائیں گے، کے پی کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اچھا کام کیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے اللّٰہ پاک ہمیں کامیاب کرے گا، پورا صوبہ پُرامن ہے، 24 گھنٹوں میں صورتِ حال کو ہینڈل کیا، گورنر فیصل کریم کنڈی سے بہت اُمید ہے۔




