بھارت میں مندر کے قریب زائرین پر ٹرک چڑھ گیا، 15 افراد ہلاک
کراچی(نیوزڈیسک)بھارت میں مندر کے قریب زائرین پر ٹرک چڑھ گیا، 15افراد ہلاک ہوگئے بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے گوالیار میں پیش آیا جہاں شیتلا ماتا مندر کے قریب جمع عقیدت مندوں پر ایک تیز رفتار ٹرک چڑھ دوڑا۔اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب رونما ہوا جب چھنور کی جانب سے آنے والا سامان سے لدا ٹرک ایک ڈھلوان پر بے قابو ہو گیا جب کہ اس ڈھلوان پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔پولیس نے بتایا کہ ٹرک پولیس کی رکاوٹوں کو توڑتا ہوا سڑک پر موجود زائرین کو کچلتے ہوئے مندر کی بیرونی دیوار اور گیٹ سے جا ٹکرایا۔پولیس کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد زائرین زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا طبی علاج جاری ہے۔ زخمی ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ۔




