بائیک سوار خاتون سے کہا جتنے تھپڑ اس شخص نے تمہیں مارے، اتنے ہی تم مارو: مریم نواز

وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی مجرم چاہے ہماری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو، اسے نہیں چھوڑا جائے گا، ظالم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔
یونیورسٹی آف رسول منڈی بہاؤالدین میں ہونہار اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈر ڈر کر حکومت نہیں ہوتی، اصول ایک اور سیدھا رکھیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بائیک سوار خاتون پر تشدد کے واقعے میں بچی سے کہا کہ جتنے تھپڑ اس شخص نے تمہیں مارے، اتنے ہی تم مارو۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ پر تشدد کے واقعے پر بھی یہی مؤقف اپنایا تھا، پنجاب اب مظلوم کے ساتھ کھڑا ہے، کسی غریب کی عزت پر سمجھوتہ قبول نہیں۔
وزیرِ اعلی پنجاب نے یہ بھی کہا کہ جرائم کرنے والے اگلے ہی دن ضمانت لے آتے ہیں، ضرورت پڑی تو چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے بھی ملوں گی۔




