لڑکیوں سے موبائل فونز کی چوری کا مقدمہ، ملزم 3 روز کیلئے پولیس کے حوالے
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے لڑکیوں کے موبائل فونز چوری کے مقدمے میں ملزم کو 3 روز کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔
گڈاپ فارم ہاؤس میں نوکری کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کے موبائل فونز چوری کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم بابر عرف سلمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفتیشی افسر نے جج کو بتایا کہ ملزم سے 40 موبائل فون برآمد کیےجاچکے ہیں۔
تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ دیگر موبائل فونز اور سہولت کاروں کی معلومات کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کی ہے، گزشتہ روز پیشی پر متاثرہ لڑکیوں نے ملزم کی چپلوں سے پٹائی کی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے یکم اکتوبر کو لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا تھا اور موبائل فونز ایک جگہ جمع کرائے تھے، ملزم بابر 59 لڑکیوں کے موبائل فونز لے کر فرار ہوگیا تھا۔




