سندھ: اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز پر سخت پابندی عائد

کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز پر سخت پابندی عائد کر دی گئی۔
وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایات پر نجی اسکولوں کو حفاظتی احکامات جاری کر دیے گئے۔
سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ اسکول وینز میں غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول کی فراہمی پر بھی پابندی عائد ہے، بوتلوں اور کین کے ذریعے گاڑیوں کے انجن کو پیٹرول فراہم کرنا خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسکول وینز میں مقررہ گنجائش سے زائد طلبہ کو بٹھانے پر بھی پابندی ہے، طلبہ کو وین کے فٹ بورڈ پر کھڑا کر کے سفر کرانے پر بھی پابندی ہے۔
وزیرِ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے سندھ حکومت کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ کی کاپی گاڑی میں موجود ہونا ضروری قرار دی گئی ہے۔
محکمۂ تعلیم سندھ کے مطابق حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہو گی، نجی تعلیمی اداروں کو تمام حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کروائیں، طلبہ کی جان و سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔




