ترکیہ: پاکستان کی پہلی خاتون سفیر کی حیثیت سے آمنہ بلوچ نے ذمے داریاں سنبھال لیں

سفارت کاری کا 3 دہائیوں سے زائد تجربہ رکھنے والی پاکستان کی سینئر سفارت کار آمنہ بلوچ (ستارۂ امتیاز) نے ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لیں۔
آمنہ بلوچ نے 1991ء میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے تاریخ اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں، اپنے طویل سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں کوپن ہیگن اور کولمبو میں پاکستانی سفارتی مشنز کے علاوہ چین کے شہر چینگڈو میں قونصل جنرل کی حیثیت سے تعیناتی بھی شامل ہے۔
بعد ازاں وہ 2019ء سے 2023ء تک ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر اور 2023ء سے 2024ء تک بیلجیئم میں پاکستان کی سفیر رہیں، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سفارتی تجربے کے اعتراف میں انہیں پاکستان کی 33 ویں سیکریٹری خارجہ مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے 2 سال تک وزارتِ خارجہ کی سربراہی کی اور اس دوران پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں کی قیادت کی۔
معرکۂ حق کے دوران ان کی قائدانہ سفارتی خدمات کو بھی قومی سطح پر سراہا گیا، ان کی خدمات کے اعتراف میں وزیرِاعظم پاکستان نے یومِ آزادی 2025ء کے موقع پر انہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا۔
ترکیہ میں بطور سفیر آمنہ بلوچ کی تقرری کو پاکستان کی سفارت کاری میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی خاتون انقرہ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برادر ملک ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے کام کروں گی، اس مقصد کے لیے مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت پر مبنی تعلقات کو مزید وسعت دینا ترجیحات میں شامل ہو گا۔
آمنہ بلوچ نے اس اہم سفارتی ذمے داری کے لیے اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیرِاعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے بڑے اعزاز کا باعث قرار دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پوری لگن، دیانت داری اور خلوصِ نیت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دوں گی۔
دریں اثناء نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آمنہ بلوچ کو گراں قدر خدمات پر سراہتے ہوئے ترکیہ میں نئی ذمے داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
آمنہ بلوچ نے بھی ان کی حمایت اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی آمنہ بلوچ کو نئی سفارتی ذمے داری سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے اور سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ان کی کامیاب خدمات کا اعتراف کیا ہے۔
صدرِ پاکستان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی تعیناتی سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو نئی جہتیں ملیں گی۔




