پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات، اپوزیشن نے دو ہفتے گزرنے کے باوجود نام نہیں دیے

پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے لیے اپوزیشن نے دو ہفتے گزرنے کے باوجود نام نہیں دیے۔
حکومتی اتحادیوں کے نام چیف وہپ طارق فضل چوہدری کو موصول ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے 7 اراکین پارلیمنٹ کے نام مل گئے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ضیاء کے نام بھی موصول ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں بی اے پی، اے این پی، نیشنل پارٹی کی بھی نمائندگی ہوگی، حکمران جماعت مسلم لیگ ن اپنے نام آئندہ ہفتے فائنل کرے گی، امید ہے آئندہ ہفتے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن لیڈر محمو خان اچکزئی کو خط لکھ کر اراکین کے نام بھجوانے کی درخواست کی تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور اپوزیشن کے چیف وہپ کو بھی خطوط لکھے تھے۔
اسپیکر نے اپنے خط میں وزیراعظم شہباز شریف کو بطور قائد ایوان 15 اراکین کے نام دینے کی درخواست کی تھی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو 10 سینیٹرز کے نام بھجوانے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کو 5 اراکین کے نام بھجوانے کا کہا تھا۔




