راولپنڈی، اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے، خواتین سمیت 154 افراد گرفتار
راولپنڈی و اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف آپریشن کے دوران 150 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان کے مطابق 3 روز میں 2 غیر قانونی کال سینٹرز سے 154 ملزمان گرفتار کیے گئے، راولپنڈی میں گھر کے اندر بنے کال سینٹر سے 10خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں کال سینٹر سے 143 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 43 خواتین شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کو ٹرانس نیشنل فراڈ کا نشانہ بناتے تھے، ملزمان قرض کے نام پر ایپ انسٹال کرا کر موبائل ڈیٹا حاصل کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان تصاویر اور ویڈیوز ایڈٹ کرکے شہریوں کو بلیک میل کرتے تھے، گرفتار 37 ملزمان 3 سال سے لوگوں کو بلیک میل کرنے میں ملوث تھے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شعیب خان کے مطابق سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ کے نام پر فراڈ کے خلاف جلد بڑا کریک ڈاؤن ہوگا، والدین بچوں پر نظر رکھیں، زیادہ تنخواہ کے لالچ میں غیر قانونی کال سینٹرز میں کام، ریکارڈ اور مستقبل تباہ کر دے گا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر شعیب خان نے کہا کہ اپنی تصویریں، موبائل ڈیٹا اور رشتہ داروں کی تفصیلات کسی کو نہ دیں، آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ سے بچیں، شروع میں منافع دے کر بعد میں اکاؤنٹ خالی کر دیا جاتا ہے۔




