رانا ثناء نے محسن نقوی کو جواب دیدیا
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کو جواب دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمیں منہ چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، مجھ جیسا آدمی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے، اگر دلیل ہے تو شارٹ ٹمپرڈ ہونے کی کیا ضرورت ہے؟
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ محسن نقوی کی کارگزاری پر بطور کولیگ اور سیاسی کارکن بات کرنا میرا حق ہے، میں نے ہمیشہ وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ ان کی ذات پر میں 3 سال سے تبصرہ کررہا ہوں، میں نے کبھی وزیر داخلہ کی ذات پر تبصرہ کیا نہ کروں گا، وہ جو ہیں میرے خیال میں بس وہی ہیں اس پر تبصرے کی ضرورت ہی نہیں۔
سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ اپنی ناکامیوں پر ناراض ہونے اور ردعمل دینے کے بجائے محسن نقوی کو تسلیم کرنا چاہیے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انہوں نے مس ہینڈل کرکے متنازع بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیر متعلقہ ریمارکس دیے، ان چیزوں پر اعتراض کیا، میں نے کہا یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اس پر اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ انہوں نے غیرمتعلقہ باتیں کرکے یہ معاملہ الجھا دیا اب یہ معاملہ متنازع ہوکر پارلیمنٹ میں آئے گا، صدر زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ہم سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی تو پھر 4 ماہ آپ کرتے کیا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس جگہ پر آپ ہر وقت موجود ہوتے ہیں، وہ آپ کے محسن بھی ہیں، ان کو بھی آن بورڈ نہیں لے سکیں تو یہ آپ کی ناکامی ہے، یہ جواب میں کہیں کہ یہ کردوں گا وہ کردوں گا، بسم اللہ کریں جو کام آپ نے کرنا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ میں نے صدر زرداری کو ایک سے زیادہ بار کہتے سنا کہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں، جب ہم ایوان صدر گئے ہیں محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بیانات سے ہمیں تو فرق نہیں پڑے گا مگر اس معاملے کو انھوں نے الجھا دیا ہے، انہوں نے ایک بات کی کہ سسٹم گر گیا اس کے بعد ابھی تک اسی پر بات ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ 4 ماہ میں نئے صوبوں کا معاملہ الجھایا گیا، پارلیمنٹ میں اس پر اتفاق رائے ہوتا ہے یا نہیں یہ خدا بہتر جانتا ہے، جو صورتحال اس وقت ہے اس معاملے کو لیڈ محسن نقوی نے کیا تو ذمے داری لینی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کا بیان موجود ہے کہ ان سے اس معاملے پر کسی نے بات نہیں کی، سسٹم ناکام نہیں ہوا اس سسٹم کو ناکام کیا گیا اور اس میں سیاستدانوں اور دیگر کا عمل دخل ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا نیک فال ثابت ہوا ہے، جو ناکامی ہمارے لیول پر ہو اس پر ہمیں رد عمل کے بجائے قبول کرنا چاہیے، ہمارے بزنس مین لاکھوں کی تعداد میں ہیں وہ ملک کی خدمت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ چند لوگ جو آپ کے دوست ہیں، میں نے ان سے متعلق بات کی، آپ نے فرمایا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے کے فنڈز دیتے ہیں، او میرے بھائی وہ تو کسی کو بخار نہ دیں، اربوں روپیہ کیوں دیتے ہیں کسی کو؟
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اربوں روپیہ اسی لیے دیتے ہیں، جو بات میں نے کی کہ بعد میں اربوں روپے کی وارداتیں بھی ڈالنی ہوتی ہیں، سیاسی جماعتیں لیتی ہوں گی سیاستدان اربوں روپے لیتے ہوں گے، میں اپنی اور اپنی جماعت کی بات کرتا ہوں چیلنج ہے بتائیں کس نے ہمیں اربوں روپے دیے۔ بتائیں ان میں سے کس نے ن لیگ کو اربوں، لاکھوں یا سو روپے بھی دیے ہوں۔
رانا ثنا ء اللّٰہ نے کہا کہ اتفاق رائے تب ہی ہوسکتا ہے جب معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ اس پر بات ہوسکے، اس معاملے کو متنازع بنانے میں محسن نقوی نے اس معاملے کو مس ہینڈل کیا، انہیں یہ معاملہ ان کے ساتھ ہم سے بھی پہلے ڈسکس کرنا چاہیے تھا اور آن بورڈ لینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ متنازع ہوگیا ہے، ریفرنڈم پر کوئی سمجھوتا، راستہ نکل سکتا ہے، پیپلز پارٹی اب ریفرنڈم پر میدان میں آگئی ہے کہ کہا ہے کہ ہم ریفرنڈم کو نہیں مانتے۔




