وزیرِ اعظم شہباز شریف کا قاہرہ میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے واقعے پر اظہارِ افسوس

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے مصری عوام اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ قاہرہ ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں اپنے برادر ملک مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹرک میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 31 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثہ قاہرہ کے رنگ روڈ کے قریب، امبابا کے علاقے وراق میں ٹنل 10 کے اوپر پیش آیا، آگ نے 27 گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر سواریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔




