عام آدمی کو تیل کی بڑھتی قمیتوں کے اثرات سے بچایا، شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے عام آدمی کو بچانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دی گئی، جس سے 2 کروڑ افراد نے فائدہ حاصل کیا۔
جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو علم ہے ایران امریکا جنگ شروع ہوئی تو تیل کی قیمتیں بڑھیں، ہم نے فوری طور پر عوام کے ریلیف کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا، ہم نے سبسڈی میں ایک خطیر رقم کا اعلان کیا، دو کروڑ افراد اس ریلیف پیکیج سے مستفید ہوئے ہیں، 800 سی سی تک گاڑی کو پیٹرول پر سبسڈی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ٹیم کو اسحاق ڈار لیڈ کر رہے ہیں، اس میں وزیر خزانہ، وزیر پیٹرولیم شامل ہیں، جماعت اسلامی کی تجاویز پر غور اور عمل کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں کے حوالے سے جو ریلیف ملا وہ ابھی کافی نہیں ہے، بجلی، آئی پی پیز کا معاملہ ہے، تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو مہنگائی بڑھتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم ابھی بھی سمجھتے ہیں کہ اس میں مزید ریلیف کے لیے کام کریں گے۔




